گراؤنڈ سکھانے کیلئے مدد چاہیے؟ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ویڈیو بھی شیئر کردی

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کے میچز ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کی ہٹ دھرمی کے باعث سری لنکا منتقل ہوئے جو بارش کے باعث بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا پہلا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن محکمہ موسمیات کی جانب سے مسلسل بارش کی پیشگوئی کے باعث ایشیا کپ کے میچز کولمبو سے ہمبن ٹوٹا منتقل کرنے کی تجویز پیش کی لیکن ایشین کرکٹ کونسل نے لاجسٹک حکام کی حامی کے باوجود ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وینیو تبدیل کرنے سے انکار کر دیا۔

تاہم پی سی بی کے تحفظات کے باعث یہ ضرور ہوا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کا ریزور ڈے رکھ دیا گیا۔
گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ صرف 24 اوورز تک ہو سکا اور میچ آج دوبارہ وہیں سے شروع ہو گا جہاں گزشتہ روز ختم ہوا تھا۔ بارش کے باعث پاک بھارت میچ روکا گیا تو کے ایل راہول 15 اور ویرات کوہلی 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنا لیے تھے۔

بارش رکنے کے بعد گیلی آؤٹ فیلڈ کو سکھانے کے لیے سری لنکن حکام اور گراؤنڈ انتظامیہ کی جانب سے پنکھوں کا استعمال کیا گیا جسے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اب پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں پی ایس ایل کے دوران بارش سے متاثرہ گراؤنڈ کو سکھایا جا رہا ہے۔


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں گیلی آؤٹ فیلڈ کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے سکھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پی ایس ایل ٹیم کی جانب سے ویڈیو کے ساتھ ایک کیپشن بھی تحریر کیا گیا ہے جس میں لکھا ہے کہ پاکستان میں گراؤنڈ اس طرح سے سکھائے جاتے ہیں، آخر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سوالیہ نشان کے ساتھ یہ بھی لکھا گیا ہے کہ مدد چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں