ایپل کا 3 پرانے آئی فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

ایپل نے 12 ستمبر کو اپنے نئے آئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس متعارف کرائے۔

مگر نئے آئی فونز کے متعارف کرانے کے ساتھ کمپنی کی جانب سے پرانے ماڈلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 13، آئی فون 14 اور آئی فون 14 پلس کی قیمتوں میں 100 ڈالرز کی کمی کئی گئی ہے۔

سو ڈالرز کمی کے بعد 2021 کا آئی فون 13 اب 599 ڈالرز (ایک لاکھ 78 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

اسی طرح آئی فون 14 خریدنے کے لیے 699 ڈالرز (2 لاکھ 8 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ آئی فون 14 پلس کے لیے 799 ڈالرز (2 لاکھ 38 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔

اب آئی فون ایس ای (2022) اس کمپنی کا سستا ترین فون ہے۔

آئی فون ایس ای کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ 429 ڈالرز (ایک لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے آئی فون 12، آئی فون 13 منی، آئی فون 14 پرو اور آئی فون 14 پرو میکس کی فروخت روکنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

یہ فونز اب مارکیٹ میں تو شاید ملے جائیں مگر ایپل کے آفیشل چینیلز سے ان کی دستیابی ممکن نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ آئی فون 13 منی کو 2021 میں متعارف کرایا گیا تھا مگر چھوٹی اسکرین سے لیس یہ ڈیوائس لوگوں کی توجہ کا مرکز نہیں بن سکی تھی۔

اسی طرح آئی فون 12 کو 2020 میں پیش کیا گیا تھا جبکہ آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس 2022 میں متعارف کرائے گئے تھے۔

ان پرانے آئی فونز میں آئی او ایس 17 آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کرنا ممکن ہوگا۔

خیال رہے کہ آئی فون 15 کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 799 ڈالرز جبکہ آئی فون 14 پلس کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 999 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔

اسی طرح آئی فون 15 پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے شروع ہوگی جو 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل ہوگا۔

آئی فون 12 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالرز سے شروع ہوگی جو 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں