بھارت میں اسکول جانے والے طالب علموں کی کشتی دریا میں ڈوب گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے ضلع مظفر پور میں جمعرات کی صبح پیش آیا جہاں اسکول کے طالب علموں سمیت دیگر افراد اپنے کاموں پر جانے کیلئے کشتی میں سوار ہوئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی میں بچوں سمیت 30 سے زائد افراد سوار تھے جو دریائے باگمتی کے کنارے گھاٹ کے قریب کشتی الٹنے سے ڈوب گئے۔
حادثے کا علم ہوتے ہی نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی جانب سے ریسکیو عمل شروع کیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کشتی میں سوار 20 لوگوں ریسکیو کرلیا گیا ہے جب کہ 10 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا بتانا ہےکہ مقامی لوگ دریا پار کرنے کیلئے کشتی کا استعمال کرتے ہیں اور کشتی میں زیادہ مسافر سوار ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔