یورپ کے جنوبی مشرقی ملک مونٹی نیگرو میں ‘سست ترین شہری’ کا مقابلہ جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مونٹی نیگرو میں ’ سست ترین شہری‘ منتخب کرنے کا مقابلہ دراصل ایک روایت ہے، روایت کو قائم رکھنے کیلئے مقابلے کا انعقاد مونٹی نیگرو کے شمالی گاؤں بریزنا میں گزشتہ ماہ اگست کے وسط سے ہوا تھا جو اب اپنے 26 ویں روز کو پہنچ گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ اس مقابلے میں 21 افراد نے حصہ لیا تھا جس میں سے اب صرف 7 افراد مقابلے میں موجود ہیں، جیتنے والے شہری کو 1070 امریکی ڈالر ( 3 لاکھ 15 ہزار سے زائد پاکستانی روپے)کے نقدی انعام سے نوازا جائے گا۔
مقابلے کے دلچسپ اصول
یہ مقابلہ جتنا دلچسپ ہے اس کے وصول اور بھی زیادہ عجیب و غریب ہیں۔
مقابلے میں شرکت کرنے والوں کو 24 گھنٹوں میں کھڑے رہنے اور نہ ہی بیٹھنے کی اجازت ہے بلکہ صرف انہیں لیٹے رہ کر اپنے مقابلے کو پورا کرنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شرکا کو مقابلے میں سونے، کھانے پینے، کتابیں پڑھنے اور فون استعمال کرنے کی بھی اجازت ہے، اس کے علاوہ شرکا کو ہر 8 گھنٹوں میں سے 10 منٹ کیلئے بیت الخلاجانے کی اجازت دی گئی ہے۔
یہ مقابلہ کیوں کیا جاتا ہے؟
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقابلے کے منتظمین میں شامل ایک فرد نے بتایا کہ مقابلہ 12 سال قبل چھوٹے سے ملک میں ایک مشہور افسانے کا مذاق اڑانے کے لیے شروع کیا گیا تھا جس میں مونٹی نیگرینز کو سست قرار دیا گیا تھا۔
منتظمین کے مطابق روایتی طور پر یہ مقابلہ میپل کے درخت کے نیچے منعقد کیا جاتا ہے لیکن خراب موسم کی وجہ سے مقابلہ ایک لکڑی کی جھونپڑی میں رکھا گیا تاہم مقابلے میں شرکا کی صحت کو نگرانی میں بھی رکھا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال ہونے والا مقابلہ 117 گھنٹوں پر مشتمل تھا لیکن اس سال یہ مقابلہ 26 دن سے زیادہ آگے بڑھ گیاہے۔