پشاور: محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کو دہشتگردوں کے سرکی قیمت کے پیسے نہ ملنے کے معاملے سے متعلق شکایت کرنے والے سی ٹی ڈی اہلکار کا بنوں پولیس میں تبادلہ کردیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اہلکار کے تبادلے کےاحکامات جاری کیے۔
سی ٹی ڈی اہلکار امان اللہ نے تبادلہ منسوخ کرنے کے لیے آئی جی پولیس کو درخواست دی جس میں اس نے کہا ہےکہ سی ٹی ڈی میں تنخواہ زیادہ تھی اس لیے3 بچوں کو نجی اسکول میں داخل کیا تھا، اب سی ٹی ڈی سے تبادلہ کرنے پر بچوں کو مجبوراً اسکول سے نکالوں گا، میرے تبادلےکے احکامات منسوخ کریں، میرےبچوں کا مستقبل بچائیں۔
واضح رہے کہ اہلکار نے دہشتگرد کی گرفتاری میں معاونت کے باجود پیسے نہ ملنے پر افسران کو خط لکھا تھا، اہلکار نے لکھا تھا کہ حکومت نے وزیرستان میں دہشتگرد کے سرکی قیمت 10 لاکھ مقررکی تھی، دہشتگرد کےسرکی قیمت کےپیسے ہیڈکوارٹر کو ملے لیکن ہمیں نہیں دیےگئے۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے سرکی قیمت کے پیسے نہ ملنے پر سی ٹی ڈی اہلکار میرے دفترآسکتے ہیں، میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کی شکایات کا ازالہ کروں گا۔