بھارت میں کینیڈین ہائی کمیشن کے سفارتکاروں کو دھمکیاں موصول

بھارت میں کینیڈین ہائی کمیشن کے سفارتکاروں کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں دی گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں کینیڈین ہائی کمیشن نے انکشاف کیا کہ اس کے سفارتکاروں کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد ہائی کمیشن میں موجود اسٹاف کو عارضی طور پر کہیں اور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کینیڈا ہائی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ ویزا معطلی اور اسٹاف کو موصول دھمکیوں پر بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کےمطابق کینیڈین ہائی کمیشن کی جانب سے یہ بیان بھارت کے اس فیصلے کے چند گھنٹے بعد جاری کیا گیا جس میں بھارت نے کینیڈین شہریوں کے لیے ویزا معطلی کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے کینیڈین شہریوں کے لیے ویزا سروس بھی تاحکم ثانی معطل کردی ہے اور بھارت نے یہ فیصلہ کینیڈین حکومت کی جانب سے خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے الزام کے بعد کیا ہے جس میں کینیڈا کی حکومت نے کہا ہےکہ اس کے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں کہ بھارت ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہے۔

بھارت اور کینیڈا کے درمیان اس معاملے پر سفارتی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور دونوں ممالک کے سفیر بھی ملک بدر کیے جاچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں