جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس پاکستان بننے کے بعد سپریم کورٹ نے پہلے 3 روز میں 56 فیصد کیسز نمٹائے۔
قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس پاکستان بننے کے بعد سپریم کورٹ میں 19 سے 21 ستمبر تک 313 کیس سماعت کے لیے مقرر ہوئے۔
ذرائع سپریم کورٹ کا بتانا ہے کہ سپریم کورٹ کے 5 بینچز نے 313 میں سے 174 کیس نمٹائے، جس میں سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بننے والے بینچ نے 49 میں سے 23 کیسز نمٹائے۔
ذرائع سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ جسٹس سردار طارق کے بینچ میں 87 میں سے 70 کیسز کا فیصلہ ہوا جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن کے بینچ میں 54 میں سے 25 کیس نمٹائے گئے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس یحیٰ آفریدی کے بینچ میں 75 میں سے 35 کیس نمٹائے گئے جبکہ جسٹس جمال مندوخیل کے بینچ میں 48 میں سے 22 کیس نمٹائے گئے۔
یاد رہے کہ جسٹس عمر عطا بندیال کی 16 ستمبر کو ریٹائرمنٹ کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 17 ستمبر 2023 کو چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور انہوں نے سماعت کے لیے سب سے پہلا مقدمہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ریفرنس کا مقرر کیا تھا۔