پہلی بار ایک پاکستانی خاتون خلا میں جانے کیلئے تیار

ایک پاکستانی خاتون نمیرا سلیم اکتوبر 2023 میں ایک نئی تاریخ رقم کریں گی۔

وہ خلا تک جانے والی پہلی پاکستانی ہوں گی اور ایسا امریکی کمپنی ورجن گلیکٹک کے نئے مشن سے ممکن ہوگا۔

گلیکٹک 04 نامی مشن 5 اکتوبر کو نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ امریکا سے روانہ ہوگا۔

دبئی میں مقیم نمیرا سلیم پہلی پاکستانی خاتون ہیں جو قطب شمالی (2007) اور قطب جنوبی (2008) میں پاکستانی پرچم کو لہرا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ ورجین گلیکٹک نے جون 2023 کے آخر میں پہلی کمرشل پرواز خلا تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

مگر اس پرواز میں عام سیاح سوار نہیں تھے بلکہ اٹلی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو خلا میں لے جایا گیا تھا۔

بعد ازاں اگست میں اس کمپنی نے سیاحوں کے لیے پہلی خلائی پرواز کو خلا میں روانہ کیا تھا، جبکہ ستمبر میں بھی ایک پرواز سیاحوں کو خلا میں لے کر گئی۔

اس کمپنی کے آئندہ مشن میں نمیرا سلیم بھی موجود ہوں گی۔

18 ستمبر کو ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں انہوں نے خلائی سفر کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا تھا۔
اس مشن میں نمیرا سلیم سمیت 3 سیاح سفر کریں گے جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی اسپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود ہوں گے۔

یہ اس کمپنی کی مجموعی طور پر چوتھی کمرشل خلائی پرواز ہوگی۔

خیال رہے کہ یہ کمپنی لگ بھگ 2 دہائیوں سے خلا کے لیے کمرشل پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

نمیرا سلیم اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کے لیے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل ہیں۔

انہوں نے 2006 میں ہی اس سفر کے لیے ٹکٹ بک کرالی تھی اور اب جاکر انہیں خلا میں جانے کا موقع مل رہا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 2006 میں نمیرا سلیم کو پہلی پاکستانی خلا باز قرار دیا تھا اور 2011 میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں