اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ لوگو ں کا ہماری ویڈیو بنانا پسند نہیں: شاہد آفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انہیں بچوں اور اہلیہ کے ہمراہ ہوتے ہوئے لوگوں کی جانب سے ویڈیوز بنانا پسند نہیں۔

نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ میں جب بھی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ کہیں جاؤں تو لوگ ویڈیوز بنانا شروع کردیتے ہیں جو کہ مجھے اچھا نہیں لگتا، یہ چیزیں ائیرپورٹ یا کسی ایسی جگہ نظر انداز کر بھی دی جائیں لیکن جب ہم عمرے یا حج پر بھی جائیں تو وہاں بھی ہماری پرائیویسی بالکل ختم ہوجاتی ہے ‘۔

اس وقت اللہ کا گھر سامنے تھا میں نے فوراً ان لوگوں سے معافی بھی مانگ لی: شاہد آفریدی
شاہد آفریدی نے بتایا کہ ’ میری اہلیہ چونکہ مکمل پردہ کرتی ہیں لیکن لوگوں نے دوران طواف بھی ویڈیوز بنانے کی کوشش کی، آپ یقین کریں میں نے بہت سارے لوگوں کے موبائل پکڑ کر انہیں روکا اور کہا کہ تمہیں منع کررہا ہوں ویڈیو نہیں بناؤ لیکن آپ اس کے باوجود یہاں بھی ویڈیوز بنائے جارہے ہو، اس وقت اللہ کا گھر سامنے تھا میں نے فوراً ان لوگوں سے معافی بھی مانگ لی‘۔

سابق کپتان نے میزبان واسع چوہدری کے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے مزید بتایا کہ ’میں نے 5 سے 6 سالوں سے شاپنگ کرنا چھوڑدی ہے جو مل جائے وہ پہن لیتا ہوں، ایک جینز خرید کر 5 سے 6 سال استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہوں ، اب چونکہ بچیاں بڑی ہورہی ہیں تو ان کی شاپنگ اور ان کی شادیوں کی شاپنگ ہی ہوتی رہتی ہے ، اگر کوئی دوست شاپنگ میں کنجوسی کرے تو اسے لے جاکر بھی شاپنگ کرادیتا ہوں۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں