آئی سی سی ورلڈ کپ 2023کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے 15 کھلاڑیوں کے ساتھ 3 ایسے اضافی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے جو ٹیم کے ساتھ بھارت جائیں گے۔
ایشیا کپ فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے والی ٹیم سے ان فٹ فاسٹ بولر نسیم شاہ باہر ہوئے ہیں اور ایک سال بعد فاسٹ بولر حسن علی کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
ٹیم کی سلیکشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ چوہدری ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیم کے چناؤ سے پہلے ایشیا کپ کی پرفارمنس کا ریویو کیا،2 سابق کپتان محمد حفیظ اور مصباح الحق کی خدمات حاصل کیں، جنھوں نے ٹیم کیلئے ورلڈ کپ سے متعلق اپنے تجربے کی بنیاد پر مفید مشورے دیے ۔
انھوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ناکام ہونے والے کھلاڑیوں کی جگہ دوسرے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی تجاویز سامنے تھی جو مناسب تھیں، حفیظ اور مصباح کے مشکور ہیں ، جو کرکٹ سے متعلق فیصلوں میں ہمیشہ ان کی معاونت کرتے ہیں ۔
چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکا اشرف نے کہا کہ البتہ کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا مؤقف تھا کہ زیادہ تبدیلیوں سے ٹیم کا کمبی نیشن متاثر ہوگا جبکہ ڈائریکٹر کرکٹ مکی آر تھر بھی ان کے ہم خیال تھے۔
اس صورتحال میں چیئرمین پی سی بی کا موقف تھا کہ وہ ٹیم سے مثبت نتائج کے خواہشمند ہیں اور چاہتے ہیں کہ ٹیم کو ورلڈ کپ میں بورڈ کی جانب سے مکمل طور پر اعتماد اور اعتبار حاصل رہے لہٰذا انھوں نے کپتان اور چیف سلیکٹر کی خواہش کا احترام کیا ہے۔