جموں کشمیربھارت کا نہ کبھی تھا نہ کبھی ہوگا: پاکستانی نمائندہ مشن کا بھارت کو بھرپور جواب

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی نمائندہ صائمہ سلیم نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیربھارت کا نہ کبھی تھا نہ کبھی ہوگا، بھارت نے کشمیر پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے۔

صائمہ سلیم نے کہاکہ بھارتی مظالم اورپابندیوں کے باوجود کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بھارت کے غاصبانہ قبضے کےخلاف کشمیریوں کی مزاحمت جائز اور قانونی ہے، کشمیریوں کی آزادی کی تحریک دہشت گردی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت جواب دہ ہے، بھارت دہشتگردی کا شکار نہیں بلکہ اس کا اسپانسر ہے اور بھارت پاکستان سمیت خطے کے ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔

قونصلرصائمہ سلیم کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشتگردی کی فرنچائز اب عالمی ہوگئی ہے، بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، رواں سال کے ابتدائی 8 ماہ میں صرف مسیحیوں پر 525 حملےکیے گئے، دنیا بھارت کو اسٹریٹیجک وجوہات پر چھوٹ دینا بند کردے۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے نگران وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی کشمیر ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں، بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں