ہردیپ سنگھ قتل کے شواہد بھارت کو پہلے ہی دیدیے تھے: جسٹن ٹروڈو

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈا نے ہردیپ سنگھ نجر قتل میں بھارتی ایجنٹ کے ملوث ہونے کے شواہد بھارت کو کئی ہفتے پہلے ہی دیدیے تھے۔

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹروڈو نے کہا کہ وہ اس معاملے پر بھارت کے ساتھ تعمیری انداز سے کام کرنا چاہتے ہیں۔

ٹروڈو نے امید ظاہر کی کہ بھارت اس معاملے پر کینیڈا سے تعلق بنائے گا تاکہ اس انتہائی سنجیدہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جاسکے۔

اس کے علاوہ کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی) نے ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جو سکھ علیحدگی پسند رہنما کا قتل بھارتی حکام اور سفارتکاروں سے جوڑتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد کئی ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے دوران بھارتی حکام بشمول کینیڈا کے اندر کام کرنے والے بھارتی سفارتکاروں کے رابطوں کی تفصیلات بھی جمع کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں