فلمی کہانی سچ ہوگئی، شوہر نے بیوی کی شادی اُسکے محبوب سے کرادی

بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں دیوریا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنی بیوی کی شادی اس کے محبوب سے کروا دی۔

1999 کی بلاک بسٹر فلم ‘ہم دل دے چکے صنم’ جس میں ایشوریا رائے، سلمان خان اور اجے دیوگن نے مرکزی کردار نبھایا تھا، اس کی کہانی سچ ثابت ہوگئی جب اتر پردیش کے دیوریا ضلع میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو اس کے بوائے فرینڈ کے ساتھ دوبارہ ملنے میں مدد کی اور اس سے اس کی شادی کرادی۔

فلم کے پلاٹ اور اس کہانی میں صرف اتنا فرق تھا کہ عورت نے اپنے عاشق کے ساتھ جانے کا انتخاب کیا جب کہ فلم میں ایشوریا اپنے شوہر اجے کے ساتھ ہی رہنے کو ترجیح دیتی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس جوڑے کی شادی گزشتہ برس ہوئی تھی، شوہر کو سرسری سا علم تھا کہ اس کی بیوی بہار سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو پسند کرتی تھی۔

یہ بات اس وقت مزید کھل کر سامنے آئی جب خاتون کا آکاش شاہ نامی عاشق اس کے سسرال اپنی محبوبہ سے ملنے پہنچ گیا، مقامی لوگوں کو معاملے کا علم ہوا تو انہوں نے آکاش کو دھر لیا اور خوب مارا پیٹا۔

بعدازاں آکاش نے بتایا کہ اس کا خاتون کے ساتھ شادی سے قبل 2 سال تک رشتہ رہا اور وہ خاتون کو بھلا نہیں پارہا تھا، اسی لیے اس نے ملاقات کا فیصلہ کیا تاہم، معاملات نے ایک غیر متوقع موڑ لیا، جب خاتون کے شوہر نے غیر معمولی ردعمل دیا اور دونوں کی شادی کرانے کا فیصلہ کیا۔

پولیس نے بتایا کہ بیوی نے اپنے شوہر سے التجا کی کہ اسے اس کے عاشق کے ساتھ جانے دیا جائے جس پر شوہر نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے ان کی شادی کرادی۔

دونوں خاندانوں سے رضامندی حاصل کرنے کے بعد یہ شخص اپنی بیوی اور اس کے بوائے فرینڈ کو ایک مندر لے گیا اور ان کی شادی کرادی، پھر اس نے انہیں اسی موٹر سائیکل پر روانہ کر دیا جس پر عاشق آیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں