چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں قانونی ٹیم سے ملاقات کی اجازت نہ ملی

گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل ہونے والے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو قانونی ٹیم سے ملاقات کی اجازت نہ ملی۔

وکیل چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم کا چیئرمین پی ٹی آئی سے آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کا پلان تھا جس کے لیے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے بار بار رابطہ کیا۔

وکیل علی اعجاز بٹر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے قانونی معاملات پر مشاورت کرنی ہے تاہم سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے چیئرمین پی ٹی آئی سے آج ملاقات کی اجازت نہیں دی، امید ہے کل چیئرمین پی ٹی آئی کو ان کی لیگل ٹیم سے ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔

یاد رہے کہ سائفر کیس میں 19 اگست کو گرفتار ہونے والے چیئرمین پی ٹی آئی کو گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس فراہم کی گئی ہے۔

گزشتہ روز سیکریٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفرکیس کی سماعت کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں