’ پوتا پوتی پیسے گننے میں ہیرا پھیری کرتے تھے‘ 92 سالہ پردادی نے اسکول میں داخلہ لے لیا

بھارت میں 92 سالہ خاتون پڑھنے لکھنے کا شوق لیے اسکول پہنچ گئیں جن کا شوق اور جنون دیکھتے ہوئے اسکول انتظامیہ بھی انکار نہ کرسکی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 1931 میں ہندوستان میں پیدا ہونے والی سلیمہ خان کا کہنا ہے کہ ان کے گاؤں میں کوئی اسکول موجو دنہیں تھا، ان کی شادی 14 سال کی عمر میں ہوگئی اور یوں پڑھنے لکھنے کا خواب دھرا کا دھرا رہ گیا۔

سلیمہ خان کے مطابق ان کا تعلق ریاست اترپردیش کے بلند شہر سے ہے، 6 ماہ پہلے انہوں نے اپنے سے 8 دہائیاں (80 سال )چھوٹے بچوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد چھوٹے بچوں کے ساتھ کلاس میں 1 سے 100 تک کی گنتی پڑھتے سلیمہ خان کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو اپنی جانب مبذول کرلیا۔سلیمہ خان نے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ اسکول آنے سے قبل پوتے زیادہ پیسے لینے کیلئے گنتی میں ہیرا پھیری کرتے تھے لیکن اب وہ دن گئے۔

اس حوالے سے مقامی ایجوکیشن آفیسر کا کہنا ہے کہ سلیمہ خان کا اسکول میں پڑھنا یہ ثابت کرتا ہے کہ تعلیم کے حصول کیلئے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں۔

ادھر سلیمہ خاتون کی اسکول پرنسپل نے بتایا کہ اگر چہ اسکول انتظامیہ شروعات میں سلیمہ کو پڑھانے کیلئے ہچکچاہٹ کا شکار تھی لیکن ان کے پڑھنے کے جوش وجذبے نے اس ہچکچاہٹ کو بھی دور کردیا۔

پریتھبا شرما کے مطابق سلیمہ خاتون کے اسکول آنے کے بعد گاؤں کی مزید 25 خواتین نے اسکول آنا شروع کردیا ہے جس میں ان کی خود کی دوبہوئیں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں