آسٹریلیا میں ایک وہیل مچھلی کشتی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار ایک شخص ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سڈنی کی ساحلی پٹی باٹنی بے میں پیش آیا جہاں دیو ہیکل وہیل کشتی سے ٹکرائی جس سے کشتی الٹ گئی۔
مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ کشتی میں دو افراد سوار تھے جو سمندر میں مچھلی کے شکار کیلئے گئے تھے لیکن بدقسمتی سے خود ہی وہیل مچھلی کا شکار ہوگئے اور کشتی کے الٹنے سے ڈوب گئے۔
پولیس نے بتایا کہ انہیں دو افراد کے ڈوبے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر وہ فوری باٹنی بے پہنچے جہاں ایک شخص کو بے ہوشی کی حالت میں پایا جس کی بعد میں موت ہوگئی جب کہ دوسرے شخص اسپتال منتقل کیا گیا جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کی ساحلی پٹی پر وہیل پائی جاتی ہیں لیکن کسی وہیل کی وجہ سے انسانی موت ہونے کا واقعہ نایاب ہے۔