ورلڈکپ: احمدآباد کے وینیو کا بھارتی ٹریول انڈسٹری کے فروغ میں اہم کردار

آئی سی سی ورلڈکپ بھارت کی ٹریول انڈسٹری کے لیے بڑے پیمانے پر فروغ کا سبب قرار دیا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد کے وینیو کا ٹریول انڈسٹری کے فروغ میں اہم کردار ہے، دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک بھارت میچ 14 اکتوبر کو شیڈولڈ ہے۔

ورلڈ کپ کا پہلا میچ اور فائنل بھی احمد آباد میں کھیلا جانا ہے، ٹریول انڈسٹری میں یہ بلندی غیر معمولی ہے جہاں گھروں کے کمرے کرائے پر دینے والی ویب سائٹ پر تلاش 4 ہزار گنا بڑھی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویب سائٹ پر زیادہ تر تلاش پاک بھارت میچ کے دوران کے لیے ہے، برطانیہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے شہری بھارت آمد میں زیادہ دلچسپی ظاہر کررہے ہیں جب کہ کولکتہ، بنگلورو، پونے اور لکھنؤ زیادہ دلچسپی والے دیگر شہر ہیں۔

احمد آباد کے ائیر ٹکٹس اور ہوٹل کے کرایوں میں پہلے ہی کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے، کارپوریٹ ہوٹل بکنگ میں 2022 کے مقابلے میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے، اکتوبر اور نومبر میں ہوٹل بکنگ کی ویب سائٹس نے 2 سے 3 گنا تک کرائے میں اضافہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ دھرم شالہ احمد آباد اور پونے میں 300 گنا تک قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے، ہوٹل بکنگ کی ویب سائٹس نے اپنے ہوٹلوں کی فہرست میں اضافے کے لیے تگ و دو شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں