2 اکتوبر کو اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان نے اپنی شادی کی آفیشل تصاویر اور ویڈیو جاری کردی۔
اس سے قبل اتوار کو اداکارہ کی مینیجر اور بھائی نے ان کی ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کرکے ان کے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد ماہرہ اور سلیم ایکس پر ٹرینڈ بھی کرنے لگے تھے۔
اب اداکارہ کی جانب سے خود شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شئیر کی گئی ہیں جس میں ماہرہ نے کیپشن میں اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’میرا شہزادہ، سلیم‘۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماہرہ اپنے بھائی اور بیٹے کے ساتھ اسٹیج کی جانب آتی ہیں، ایک اور جگہ دیکھا گیا کہ ماہرہ خان اپنے بیٹے کے ساتھ بیٹھی مسکرا رہی ہیں، یہ وہ وقت تھا جب نکاح ہورہا ہے۔
اداکارہ نے اپنے مصدقہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کی پہلی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ‘بسم اللہ، شکر الحمداللہ’۔
ماہرہ خان نے اپنے اکاؤنٹ پر کچھ دیگر تصاویر بھی شیئر کیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، اداکارہ کی تصویروں پر کئی پاکستانی شخصیات نے تبصرے کیے۔
ماہرہ خان کے شوہر سلیم کریم کون ہیں اور دونوں کی ملاقات کیسے ہوئی؟
شوبز ویب سائٹس کے مطابق سلیم کریم کراچی سے تعلق رکھنے والے اور آن لائن پیمنٹ کمپنی کے مالک ہیں۔
رپورٹس کےمطابق سلیم کریم کی کمپنی پاکستان سمیت دیگر 15 ممالک میں کاروباری حضرات کو باآسانی پیسوں کی ترسیل اور ادائیگی کی سہولیات فراہم کرتی ہے، ان کی کمپنی پاکستان کے علاوہ امریکا، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے چند ممالک میں پیسوں کی ادائیگی اور ترسیل کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔
اس کے علاوہ سلیم کریم پروفیشنل ڈی جے بھی ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ماہرہ خان اور سلیم کریم کی پہلی ملاقات سال 2017 میں ایک ٹیلی ویژن ایپلی کیشن کے لانچ کے موقع پر ہوئی تھی۔
دیگر رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اداکارہ نے سال 2019 میں سلیم کریم کے ساتھ ترکی میں منگنی کی تھی، یہ تقریب خفیہ اور نجی تھی جس میں قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔