آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بلے باز میتھیو ہیڈن کا کہنا ہےکہ اسلام نے موجودہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو میدان اور اس سے باہر نظم و ضبط سے رہنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔
سابق پاکستانی مینٹور نے ان خیالات کا اظہار منگل کو بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈکپ کے وارم اپ میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے کیا۔
میتھیو ہیڈن نے کہا ‘ پاکستانی ٹیم دین اسلام پر کافی توجہ دیتی ہے جو کھلاڑیوں کے لیے اہم ہے، پاکستانی ٹیم میں مظم و ضبط مثالی ہے جس کی میں ہمیشہ تعریف کرتا ہوں، آخر کرکٹ میں بھی ایک ڈسپلن کی ضرورت ہوتی ہے’۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ ‘آپ کو کرکٹ میں پرعزم اور مستقل مزاجی سے کام لینا ہوتا ہے، یہ وہ تمام چیزیں ہیں جو آپ کو اسلام سکھاتا ہے اور یہ آپ کے کلچر کی نمائندگی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنا دوسرا وارم اپ میچ آسٹریلیا سے 14 رنز سے ہار گیا کیونکہ قومی ٹیم 352 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکی، پاکستان کو پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہورہا ہے جس میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔
پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔