گورنمنٹ اسپیشل اسکول حافظ آباد کے معذور طالب علم نعمان بشیر نے اسپیشل ایجوکیشن بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحان میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
پیدائشی طور پر ٹانگوں سے معذور طالب علم نعمان بشیر 8 سال سے گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن اسکول حافظ آباد میں زیر تعلیم ہے۔
نعمان بشیر نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں 1100 میں سے 758 نمبر حاصل کرکے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی جس پرصوبائی سیکرٹری اسپیشل ایجو کیشن پنجاب صائمہ سعید اور یونیسف کے نمائندہ نے نعمان بشیر اور اسکی ٹیچر عاصمہ بتول کو اعزازی سرٹیفکیٹ اور میڈل دیے۔
اس موقع پر نعمان بشیر کا کہنا تھا کہ وہ اسکول سے واپس آکر اپنے والد کے ساتھ جوتے بنانے کا کام کرتا ہے تاکہ اپنی پڑھائی کے اخراجات پورے کر سکے۔
نعمان بشیر کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر ے۔