بھارت: ریاست سِکم میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی، سیکڑوں تاحال لاپتہ

بھارت کی ریاست سِکم میں گزشتہ دنوں آنے والے سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل سِکم میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلاب آگیا تھا جس نے ریاست میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، سیلاب کے باعث ریاست میں ایک ڈیم اور کئی پل بہہ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پچھلے تین دنوں میں دریائے تیستا سے 27 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں سے 7 کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ 140 افراد تاحال لاپتا ہیں اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 1173 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 2413 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا اور 13 پل سیلاب میں بہنے سے ریاست کے شمالی علاقوں میں جانے والے راستے منقطع ہوگئے ہیں۔

قدرتی آفت میں مرنے والوں کے لواحقین کیلئے سِکم کے وزیر اعلیٰ نے 4 لاکھ بھارتی روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں