کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم کو الزام ثابت نہ ہونے پر بری کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے مقدمے میں ملزم کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
عدالت نے ملزم مشتاق عرف شاہ کی سزا کالعدم قراردے کر باعزت بری کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ پراسیکیوشن اور پولیس ملزم پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں کرسکے لہٰذا ملزم کے خلاف کوئی اور کیس نہیں ہے تو جیل سے رہا کیا جائے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف 2012 میں تھانہ شاہ لطیف ٹاون میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزم کالعدم تنظیم کا مبینہ ٹارگٹ کلر ہے اور اسے انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ٹارگٹ کلنگ کے جرم میں عمرقید کی سزا سنائی تھی۔