قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف تاریخی کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر دبنگ بیان جاری کیا۔
گزشتہ روز حیدر آباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 345 رنز کا ہدف صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے ورلڈکپ کی 48 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل 10 گیندوں قبل حاصل کر لیا۔
پاکستانی بیٹنگ کی خاص بات ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عبد اللہ شفیق اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی شاندار سنچریاں تھیں جن کی بدولت گرین شرٹس نے اتنا بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کیا اور محمد رضوان کو شاندار بلے بازی کا میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
سابق بھارتی کرکٹرز وریندر سہواگ، عرفان پٹھان اور وسیم جعفر نے بھی محمد رضوان اور عبد اللہ شفیق کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم جب کھلاڑیوں سے ملنے کے لیے گراؤنڈ میں آئے تو ان کی محمد رضوان سے ملتے وقت خوشی دیدنی تھی اور انہوں نے محمد رضوان کو گلے لگاتے ہوئے خوشی سے اٹھا بھی لیا تھا۔
بعد ازاں بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ میرے لڑکوں کی کمر پر تھپکی جو کبھی بھی نا نہیں کہتے۔ محمد رضوان اور عبد اللہ شفیق نے خطرناک بولنگ کے بعد جیت کی بنیاد رکھی۔
https://x.com/babarazam258/status/1711819818025058790?s=20