کراچی سے نجی ائیر لائن کی جدہ کے لیے پرواز کے ٹیک آف کرتے ہی طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی اور فیول برننگ کیلئے طیارہ کراچی کی فضا میں دو گھنٹے تک چکر کاٹتا رہا۔
نجی ائیر لائن کے ذرائع کے مطابق پرواز پی اے 170 نے رات 2 بج کر 28 منٹ پر کراچی سے جدہ کیلئے ٹیک آف کیا جس کے فوری بعد طیارے کے آٹو پائلٹ سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ائیر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت ملنے پر طیارے کو واپس کراچی ائیرپورٹ کی طرف موڑ لیا گیا تاہم فیول ضائع کرنے کیلئے طیارہ سوا 2 گھنٹے کراچی کی فضا میں چکر کاٹتا رہا۔
بعد ازاں صبح چار بجکر 34 منٹ پر ائیر بس ایک 320 طیارے نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی۔
ائیر لائن ذرائع کے مطابق طیارے میں 167 مسافر سوار تھے، مسافروں کو طیارے سے آف لوڈ کرکے لاونج منتقل کر دیا گیا۔
طیارے کے مسافر 6 گھنٹے سے کراچی ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔