بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے بڑھ کر والدہ سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے اور جسپریت بمراہ کا تعلق بھی احمد آباد سے ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کل احمد آباد پہنچ گئی تھی جبکہ بھارتی ٹیم آج دہلی سے احمد آباد پہنچے گی۔
اس میچ سے متعلق جسپریت بمراہ نے افغانستان سے فتح کے بعد کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ سے قبل پہلی ترجیح والدہ سے ملنا ہے، میں اپنی والدہ کو ملوں گا میرے لیے اولین چیز یہی ہے۔
جسپریت بمراہ نے کہا والدہ سے ملنے کے بعد میری توجہ کسی اور چیز پر ہوگی، میں اپنی فیملی سے کچھ عرصے سے دور ہوں، میں گھر پر اپنی والدہ سے مل کر خوش ہوں گا۔
بھارتی فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ میں نے احمد آباد میں پہلے کبھی ون ڈے نہیں کھیلا تاہم ٹیسٹ میچ کھیل چکا ہوں، ہفتے کو میچ کا ماحول بڑا شاندار ہو گا اور بڑی تعداد میں مداح آئیں گے، مجھے امید ہے کہ یہ میچ سب سے بہترین ہو گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جسپریت بمراہ کی والدہ دلجیت بمراہ اسکول پرنسپل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جسپریت بمراہ کی عمر 5 سال سے بھی کم تھی جب ان کے والد فوت ہو گئے تھے۔