بھارتی اوپنر شبمن گل سے متعلق کپتان روہت شرما نے تفصیلات شیئر کی ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ورلڈکپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں دونوں طرف کے کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
بھارتی اوپنر شبمن گل گزشتہ کچھ دنوں سے ڈینگی بخار میں مبتلا تھے جس وجہ سے وہ اپنے پچھلے دونوں میچز افغانستان اور آسٹریلیا کے خلاف نہیں کھیل سکے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹر کی طبیعت میں بہتری آئی ہے اور انہوں نے گزشتہ روز بھارتی ٹیم کے ساتھ پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا، اس حوالے سے کپتان روہت شرما نے اپنی پریس کانفرنس میں بھی بتایا۔
روہت شرما نے کہا ‘پاکستان کے خلاف شبمن گل کے کھیلنے کا 99 فیصد امکان ہے’۔
اس کے علاوہ کپتان نے یہ بھی کہا کہ ‘شبمن پاکستان کے خلاف کھیلے گا یا نہیں، یہ ہفتے کو ہی پتہ چلے گا’۔
دوسری جانب پاک بھارت میچ میں قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں تبدیلی نہ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ پریکٹس سیشن کے بعد پاکستان پلیئنگ الیون پر غور کیا گیا اور کوئی تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا، ٹیم میٹنگ میں بات چیت ہوئی کہ وننگ کمبی نیشن میں اس وقت تبدیلی کی ضرورت نہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد اور شاداب خان شامل ہیں۔
محمد نواز، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف بھی ممکنہ پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔