قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ایک بار پھر بابر اعظم کو کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت سے مقابلے کے بعد شعیب ملک نے ایک بار پھر بابر کو کپتانی چھوڑ کر بطور کرکٹر کھیلنے کا مشورہ دیا۔
دوران شو ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے کہا کہ میری بابر کیلئے مخلصانہ رائے ہے جو کہ میں اس سے قبل بھی دے چکا ہوں کہ بابر کو کپتانی چھوڑدینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بابر کو بطور کرکٹر کھیلنا چاہیے اور یہ صرف میری رائے نہیں یا میں اس وجہ سے نہیں کہہ رہا کہ ہم بھارت کے خلاف میچ ہار گئے یا ہم بڑے مارجن سے ہار گئے، ایسا نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے میرا کیا گیا ایک ہوم ورک ہے جس کے تحت بابر بطور کرکٹر اپنے اور ٹیم کے لیے حیرت انگیز پرفارمنس دے سکتا ہے۔
بابر کئی عرصے سے کپتان ہے لیکن وہ بہتر نہیں کرپارہے ہیں: شعیب
شعیب ملک نے مزید کہا میں سمجھتا ہوں کہ بابر بطور لیڈر آؤٹ آف دی باکس نہیں سوچتا اور میرا ماننا ہے کہ کسی بھی کرکٹر کو اپنی قیادت اور اس کی بیٹنگ کی مہارت کو ایک ساتھ نہیں ملانا چاہیے کیونکہ دونوں مختلف چیزیں ہیں، بابر کئی عرصے سے کپتان ہے لیکن وہ بہتر نہیں کرپارہے ہیں۔
سابق کپتان نے ٹیم پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم کیلئے کوئی بھی مقابلہ اگر بنائے گئے پلان کے تحت چلتا رہا ہمارے لڑکے اٹیک کرتے لیکن اگر کوئی چیز پلان سے ہٹ جائے تو ہم نہیں کرتے، بابر کو چاہیے لڑکوں کے ساتھ میٹنگ کرے اگرچہ بھارت سے شکست مشکل ہوجاتی ہے لیکن یہی کہوں گا ابھی ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا کئی میچز پڑے ہیں آپ خود کو مضبوط رکھیں۔