بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر اور بزنس مین راج کندرا نے جیل میں کاٹے گئے دنوں کے بارے میں کچھ انکشافات کیے ہیں۔
راج کندرا کو 19 جولائی 2021 کو ممبئی پولیس نے فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، پورنوگرافی کیس میں گرفتار کیے جانے والے بزنس مین راج کندرا کو آرتھر جیل میں قید میں رکھا گیا تھا اور تقریباً ڈھائی ماہ بعد انہیں ضمانت ملی تھی۔
اب بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران راج کندرا نے جیل میں گزارے گئے تلخ دنوں پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جیل میں گزرے وقت کے دوران انہیں خاصی مایوسی اور ہتک آمیز رویوں کا سامنا رہا۔
راج کندرا کا کہنا تھا کہ یہ خاصا تضحیک آمیز تھا کیوں کہ جیل میں یہ دیکھنے کیلئے کہ کہیں آپ اپنے ساتھ منشیات تو نہیں لے آئے آپ کو سب کے سامنے برہنہ کردیا جاتا ہے اور جب ایسا ہو تو آپ کو لگتا ہے کہ آپ نے اپنی ساری عزت کھودی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت میں یہ سوچ رہاتھا کہ مجھے میڈیا تو ننگا کرہی رہی تھی، اب یہ بھی ہوگیا اس واقعے نے مجھے خاصا مایوس اور پریشان کیا۔
واضح رہے کہ راج کندرا کی فلم یوٹی 69 کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے، راج کندرا کی ڈیبیو فلم یوٹی 69 کی کہانی ان کے 2021 کے دوران تقریباً 2 ماہ جیل میں گزارے گئے وقت کے اردگرد گھومتی ہے تاہم ریلیز کیے گئے ٹریلر میں ان کے پورنوگرافی کیس کے حوالے سے کوئی سین موجود نہیں ہے۔