آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے دوران قومی ٹیم اپنے 6 میچز میں سے 2 میں فتح اور 4 میچز میں شکست کا سامنا کر چکی ہے۔
پے درپے شکستوں اور قومی ٹیم کیلئے ورلڈکپ سیمی فائنل کے راستے دشوار ہونے کے بعد جہاں سابق کرکٹرز نے پاکستان کرکٹرز کی ڈائٹ کو نشانہ بنایا وہیں ان کی پرفارمنس پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔
پاکستان ٹیم کل ایڈن گارڈن کلکتہ میں بنگلادیش سے اپنا اہم میچ کھیلے گی لیکن اس اہم میچ سے قبل خبریں سامنے آرہی ہیں کہ کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کرکٹرز نے کلکتہ کے ہوٹل کا کھانا کھانے سے انکار کردیا جس کے بعد گرین شرٹس نے کلکتہ کے معروف ریسٹورینٹ سے دیسی مینیو آرڈر کرکے منگوایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی کھلاڑی ہفتے کی شام کولکتہ پہنچنے کے بعد سٹی آف جوائے ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔
بھارتی ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے قومی کرکٹرز کو بریانی کے بجائے سخت ڈائٹ چارٹ فراہم کیا جانا تھا جس میں ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے کباب، انڈے اور پروٹین پلیٹر موجود تھا تاہم کھلاریوں نے اس مینیو کو لینے سے انکار کر دیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس مینیو کے بجائے پاکستانی کھلاڑیوں نے کلکتہ کے معروف ریسٹورینٹ سے بریانی، چانپ، فیرنی اور شاہی ٹکرے آرڈر کرکے منگوالیے۔