وفاقی حکومت کے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اپنے ملکوں کو واپس بھیجے جانے کے فیصلے کے مطابق اب تک 90 ہزار سے زیادہ افغان مہاجرین طورخم بارڈر سے واپس جاچکے ہیں۔
وفاقی حکومت کے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ان کے ملک بھیجے جانے کے فیصلے کے بعد خیبر پختونخوا سے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کاعمل جاری ہے اور اب تک 90 ہزار غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین طورخم کے راستے افغانستان جا چکے ہیں۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے پشاور، ہری پور اور ضلع خیبر میں عارضی کیمپ قائم کیے ہیں۔
کل سے غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو پکڑ کر ان کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا جس کے بعد انہیں طورخم کے راستے افغانستان بھیجا جائے گا۔
پشاور کے عارضی کیمپ میں 2 ہزار افراد کی گنجائش ہے جب کہ طبی امداد سمیت پانی خوراک بھی فراہم کیا جائے گا، عارضی کیمپ میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ نے کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے جہاں سے واپسی کے عمل کو مانیٹر کیا جارہا ہے، ہیلپ لائن کا اجراء بھی کیا گیا ہے جس پر غیرقانونی غیر ملکیوں کی نشاندہی کے علاوہ دیگر مسائل کی صورت میں رہنمائی بھی مل سکے گی ۔
خیبرپختونخوا میں مقیم افغان مہاجرین کی تعداد 9 لاکھ سے زیادہ ہے جب کہ رواں سال ایک لاکھ 16 ہزار 418 افغان باشندوں کو ویزے جاری کیے گئے۔