بھارت کی معروف اداکارہ انکیتا لوکھنڈے نے آنجہانی سُشانت سنگھ راجپوت سے اپنے قریبی تعلقات ختم ہونے کی اصل وجہ 7 سال بعد بلآخر بتادی۔
انکیتا ان دنوں بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 17 کی امیدوار ہیں جس میں ان کے شوہر وکاس جین (وکی) بھی شریک ہیں۔
اداکارہ نے 30 اکتوبر کو نشر کی جانے والی 16 ویں قسط میں ساتھی امیدوار یوٹیوبر، شاعر اور اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی سے بات کرتے ہوئے سشانت سے بریک اپ کے موضوع پر گفتگو کی۔
انکیتا لوکھنڈے نے بتایا کہ ‘میرا اور سشانت کا رشتہ 2010 میں ڈرامہ ‘پووتر رشتہ’ کے سیٹ پر شروع ہوا، ہم دونوں کی دوستی اسی سیٹ پر ہوئی جو بعد میں محبت میں بدل گئی، ہم دونوں ایک ساتھ بہت خوش تھے لیکن میری زندگی صرف ایک رات میں تبدیل ہوئی’۔
اداکارہ نے کہا ‘ہمارا بریک اپ 2016 میں ہوا ، مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا کہ یہ ہوا کیا ہے، بس ایک رات وہ (سشانت) بغیر بتائے غائب ہوگیا، ان دنوں اس کے بالی وڈ کیرئیر کی شروعات تھی، سو لوگ کان بھرنے والے بھی ہوتے ہیں، بس ایسے سشانت میری زندگی سے چلا گیا’۔
انکیتا لوکھنڈے نے شکوہ کیا کہ ‘اگر وہ مجھے چیزیں بتاکر کرتا یا بتادیتا کہ رشتہ نہیں رکھنا تو میں ذہنی طور پر تیار ہوتی، اتنا سب اچانک ہوا کہ مجھے لگا میری زندگی سے سب کچھ ختم ہوگیا، اس سب میں میرے والدین نے میرا بہت ساتھ دیا’۔
بھارتی اداکارہ نے دبے لفظوں میں یہ بھی کہا کہ ‘جب سشانت کی موت ہوئی اور میں اس کے لیے کھڑی ہوئی تو لوگوں نے کہنا شروع کردیا کہ اگر انکیتا سشانت کی زندگی میں ہوتی تو یہ سب نہ ہوا ہوتا، لوگ اس وقت کہاں تھے جب میں بریک اپ کا سامنا کررہی تھی، اس وقت لوگوں نے نہیں کہا کہ انکیتا کے ساتھ سشانت کو ہونا چاہیے تھا’۔
واضح رہے کہ 14 جون 2020 کو سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی تھی۔