بھارتی ریاست اترپردیش میں ماں نے لڑکے کو پسند کرنے پر بیٹی کو قتل کرکے لاش کنویں میں پھینک دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ تیجو پور گاؤں میں پیش آیا جہاں لڑکی کی ماں شیوپتی نے بیٹی کے اغوا ہونے کا شکایت پولیس میں درج کروائی۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکی کی ماں نے یہ شکایت 14 اکتوبر کو مانجھن پور تھانے میں درج کرائی جس میں بتایا کہ 2 اکتوبر کو اس کی بیٹی کھیتوں میں گئی تھی اور تب سے لاپتا ہے جس کے بعد پولیس نے نامعلوم شخص پر مقدمہ درج کے تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کے مطابق 26 اکتوبر کو گاؤں کے مکینوں نے پولیس کو کنویں سےلاش ملنے کی اطلاع دی اور دوران تفتیش معلوم ہوا کہ 15 سالہ لڑکی کو اس کی ماں نے ہی قتل کیا اور بچنے کیلئے خود ہی قتل کو اغوا کا رنگ دے کر پولیس کو شکایت کی۔
پولیس نے بتایا کہ پولیس نے ماں سے بھی پوچھ گچھ کی جس دوران اس نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بیٹی اسی گاؤں کے ایک لڑکے کو پسند کرتی تھی اور پیچھے نہ ہٹنے پر اس نے اپنے رشتے داروں کے ساتھ مل کر کلہاڑی کے وار کرکے پہلے بیٹی کو قتل کیا اور پھر لاش بوری میں ڈال کر کنویں میں پھینک دی۔
پولیس کے مطابق بیٹی کے قتل پر خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ ماں کے قبضے سے قتل میں استعمال کی جانے والی کلہاڑی، چھڑی اور بوری بھی برآمد کرلی گئی ہے۔