’ڈپریشن مذہب سے دوری نہیں’، مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر زارا نور کا اظہار افسوس

پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے عالمِ دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ ہمیں سمجھ جانا چاہیے کہ ڈپریشن دین سے دوری نہیں ہے اور مولانا طارق جمیل کے بیٹے اس کی ایک مثال ہیں۔

29 اکتوبر اتوار کی شب صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے علاقے تلمبہ میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل نے گولی مار کر خودکشی کرلی تھی جس کی تصدیق بعدازاں مرحوم کے بڑے بھائی نے بھی کی۔

مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی موت پر شوبز کی معروف شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا اور طارق جمیل سمیت اہلخانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔

اداکارہ زارا نور عباس نے بھی انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی جس میں انہوں نے ان تمام لوگوں کی غلط فہمی دور کی جو ڈپریشن کو بیماری نہیں سمجھتے، اداکارہ نے اسٹوری پر لکھا کہ ’وہ تمام لوگ جو کہتے ہیں کہ ڈپریشن دین سے دوری کی وجہ سے ہوتا ہے، مہربانی کرکے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی مثال لیں جو ڈپریشن میں مبتلا تھے حالانکہ ان کے والد مذہبی اسکالر ہیں اور ان کے گھر میں بھی مذہبی سرگرمیاں ہوتی ہوں گی‘۔

اداکارہ نے کہا کہ ’ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ڈپریشن کسی بھی دوسری بیماری کی طرح ایک حقیقی بیماری ہے، اس سے انسان بری طرح متاثر ہوتا ہے، براہ کرم اگر اس بیماری میں کوئی مبتلا ہے تو کسی دوسرے انسان کی مدد ضرور لیں‘۔

زارا نور عباس نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ’اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے اور آخرت میں سکون عطا فرمائے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں