سندھ بھر میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس سلسلے میں حیدرآباد میں بھی زیر حراست غیر ملکیوں کیلئے ہولڈنگ پوائنٹ قائم کردیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حیدرآباد کا ہولڈنگ پوائنٹ شہید عبدالعزیز بلو پولیس ٹریننگ سینٹر لطیف آباد میں قائم کیا گیا ہے جس کا محکمہ داخلہ سندھ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق احمد قریشی ہولڈنگ پوائنٹ کے فوکل پرسن مقرر کیے گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد اور میرپور خاص ڈویژن میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن کے دوران زیر حراست تارکین وطن کو حیدرآباد کے ہولڈنگ پوائنٹ میں رکھا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حیدرآباد ہولڈنگ پوائنٹ میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔