بابر نے شادی کیلئے ڈیزائنر سبیاساچی کی 7 لاکھ کی شیروانی خرید لی: بھارتی میڈیا کا دعویٰ

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے لیے بھارت میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم سے متعلق بھارتی میڈیا مختلف پراپیگنڈے کررہا ہے جب کہ اب حال ہی میں ایک اور ایسی ہی خبر سامنے آئی ہے۔

کچھ روز قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھانے کے مینیو پر جھوٹی خبریں پھیلائی گئی تھیں۔

بنگلادیش سے میچ سے قبل بھارتی ویب سائٹس نے دعویٰ کیا کہ بھارتی ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے قومی کرکٹرز کو بریانی کے بجائے سخت ڈائٹ چارٹ فراہم کیا جانا تھا جس میں ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے کباب، انڈے اور پروٹین پلیٹر موجود تھا تاہم کھلاڑیوں نے اس مینیو کو لینے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس مینیو کے بجائے پاکستانی کھلاڑیوں نے کولکتہ کے معروف ریسٹورینٹ سے بریانی، چانپ، فیرنی اور شاہی ٹکرے آرڈر کرکے منگوالیے۔

بعدازاں بھارت میں موجود ذرائع نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا نیا دعویٰ:

اب بھارت کی کئی اسپورٹس ویب سائٹس نے کپتان بابر اعظم کی نجی زندگی سے متعلق دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی شادی کے لیے بھارت کے معروف سلیبریٹی فیشن ڈیزائنر ‘سبیاساچی’ کی شیروانی خریدی ہے جس کی مالیت 7 لاکھ بھارتی روپے ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ بابر نے اس اہم ٹورنامنٹ کے دوران ناصرف شیروانی بلکہ شادی کے لیے جیولری بھی خریدی ہے جب کہ کرکٹر کی شادی رواں برس کے آخر میں دسمبر میں ہوگی۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے رابطہ افسر نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ ان خبروں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ بابر ورلڈکپ کے بعد نومبر میں اپنی کزن سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے لیکن بعدازاں کرکٹر سمیت ان کے والد اور مینیجر نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں