کراچی کے پانچ اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے چیئرمین کی تینوں نشستوں سمیت 10 میں سے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے میدان مار لیا۔
گزشتہ روز چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ ممبران کی 10 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ ہوئی جس میں غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق چیئرمین کی تینوں نشستوں سمیت 10 میں سے 6 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔
گزشتہ روز ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں جماعت اسلامی دو جبکہ پی ٹی آئی اورآزاد امیدوار ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کر پائے۔
کراچی کے پانچ اضلاع کے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی نے صدر یوسی 13، ملیر گڈاپ یو سی 7 سے چیئرمین اور ماڑی پور یوسی 3 سے چیئرمین کی تینوں نشستیں اپنے نام کیں۔
ضلع جنوبی صدر یوسی 13 سے پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب نے 3949 جبکہ کیماڑی ماڑی پور یوسی 3 سے پیپلز پارٹی کے ہی سیف اللہ نے 5466 ووٹ لیکر جیت کا جشن منایا۔
ملیر گڈاپ یوسی 7 سے چیئرمین شپ کیلئے پی پی امیدوار سلمان عبداللہ مراد اور وائس چیئرمین محمد سلیم میمن نے 9932 ووٹ کے ساتھ حریفوں کو پیچھے چھوڑدیا۔
ضلع جنوبی صدر یوسی 12 میں پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین کے امیدوار حامد حسین 3248 ووٹ کے ساتھ سب سے آگے رہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے ضلع وسطی ناظم آباد یوسی 5 کا وارڈ 3 اور ضلع شرقی جناح ٹاؤن یوسی 6 کا وارڈ 4 جیت لیا، ملیرغازی داؤد بروہی یوسی 2 وارڈ 3 سے آزاد امیدوار محمد عمر نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کے امیدوار منصور احمد نے ضلع جنوبی صدر یوسی 6 کی نشست پر فتح سمیٹی۔
ضمنی بلدیاتی انتخاب میں کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کیا ہے، اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک کی واحد عوامی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ جون کے بلدیاتی انتخابات کے مقابلے میں اس ضمنی انتخابات میں عوام نے پیپلز پارٹی کو زیادہ ووٹ دیے ہیں، اب کراچی کی دعویدار جماعت اسلامی کو یقین آ جانا چاہیے کہ پیپلز پارٹی ہی کراچی کے عوام کی پارٹی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی۔