کوئٹہ: عبدالقدوس بزنجو کی جگہ نوابزادہ خالد مگسی بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے صدر بن گئے۔
نوابزادہ خالد مگسی کا بطور مرکزی صدر بلوچستان عوامی پارٹی انتخاب پارٹی کی مرکزی کونسل کے اجلاس کے دوران عمل میں لایا گیا۔
اجلاس بلوچستان بوائے اسکاؤٹس ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی، پارٹی کے دیگر رہنما سردار صالح بھوتانی، منظور کاکڑ،سینیٹر پرنس آغاعمر احمد زئی، زبیدہ جلال، روبینہ عرفان اور دیگر قائدین شریک ہوئے۔
تاہم اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ اور پارٹی صدر عبدالقدوس بزنجو شریک نہیں ہوئے۔
اجلاس سے خطاب میں پارٹی کے موجودہ سیکرٹری جنرل و سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے نوابزادہ خالد مگسی کو پارٹی کا نیا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں آج کئی اہم لوگ اور کارکن شامل ہوئے ہیں وہ پارٹی میں شامل ہونے والے تمام دوستوں کو مبارک باد دیتے ہیں۔