سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں انہوں نے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کو کیرئیر کی 49 ویں سنچری پر مبارکباد دینے سے انکار کردیا۔
اتوار کو بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان میچ ہوا جس میں بھارت نے 243 رنز سے کامیابی حاصل کی، اس میچ میں اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے کیرئیر کی 49 ویں ون ڈے سنچری جب کہ ورلڈکپ کی چوتھی سنچری اسکور کی۔
آج ورلڈکپ میں بنگلادیش اور سری لنکا کا مقابلہ ہوگا جس سے ایک دن قبل اتوار کو سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے کوشل مینڈس سے کہا ‘آج ویرات کوہلی نے اپنے کیرئیر کی 49ویں سنچری بنائی ہے، کیا آپ انہیں مبارکباد دینا چاہیں گے؟’
جواب میں کوشل مینڈس پہلے تھوڑا حیران ہوئے پھر ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ‘میں انہیں کیوں مبارکباد دوں گا؟’۔
کوشل مینڈس کا یہ جواب سوشل میڈیا پر خاصا وائرل ہے اور ویڈیو پر پاکستانی صارفین سمیت بھارتی صارفین دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔
متعدد بھارتی صارفین نے اس ویڈیو کا برا منایا اور خیال کا اظہار کیا کہ کوشل مینڈس کو کوہلی کو مبارکباد دینی چاہیے تھی جب کہ کئی صارفین لنکن کپتان کے جواب پر مسکراتے رہے۔