لاہور: رائیونڈ میں (ن) لیگ اور ایم کیو ایم کے وفد کے درمیان ملاقات

لاہور: سابق وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کا وفد لاہور پہنچ گیا جہاں انھوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی ۔

ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال شامل تھے، (ن) لیگ کی طرف سے ملاقات میں شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید بھی شریک ہوئے۔

ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو مطالبات آرہے ہیں وہ پاکستان کی بہتری کے لیے آرہے ہیں، ایم کیو ایم کا وفد ملا ہے اور لوگ بھی ملنا چاہ رہے ہیں، پاکستان کے مفاد کے لیے ہم اکٹھےہوں گے۔

ایاز صادق نے بتایا کہ چند دنوں میں بلوچستان جارہا ہوں، قائد بھی وہاں جائیں گے۔

اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم لاہور سے نہیں ہو گا، جس پر ایاز صادق نے جواب دیا کہ لاہور سے نہیں ہوگا یہ خواہش تو ہوسکتی ہے، ہر جماعت کی اپنی خواہش ہوتی ہے کہ کون کہاں سے ہو ہم نواز شریف کو وزیراعظم دیکھ رہے ہیں۔

سیاسی رہنماؤں کی ملاقات میں سندھ میں ایم کیو ایم پاکستان، جی ڈی اے اور جے یو آئی ف سمیت مسلم لیگ (ن) کے انتخابی الائنس پر بھی گفتگو کی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں