آج کل دنیا کے کئی شہر اسموگ کی لپیٹ میں ہیں جن میں بھارت اور پاکستان سرِ فہرست ہے، پاکستان کا لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔
اس کے علاوہ بھارتی دارالحکومت دہلی دوسرے جب کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر ہے۔
اس موسم کے پیش نظر نگران پنجاب حکومت کی جانب سے جمعے کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 10 نومبر جمعے کو لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع ، گوجرانوالہ، وزیر آباد اور حافظ آباد کے اضلاع میں اسموگ کے پیشِ نظر چھٹی کا اعلان کر دیا۔
اس کے علاوہ ماہرین صحت نے بھی شہریوں کو ماسک لازمی پہننے کی تجویز دی ہے، اس کے علاوہ ماہرین کے مطابق لوگ اسموگ میں زیادہ باہر نہ نکلیں کیونکہ اس سے پھیپھڑوں سمیت مختلف بیماریاں ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
اس موسم میں سب سے زیادہ گلا خراب اور پھر کھانسی، نزلہ اور بخار عام ہے، آج ہم آپ کو کچھ ایسی غذائیں بتائیں گے جسے کھاکر آپ گلے کے انفیکشن سے محفوظ رہ سکیں گے۔
1) گرم شہد اور لیموں کا پانی
گلا خرابی کا ایک عام علاج جو تقریباً تمام گھروں میں ہوتا ہے، وہ یہ کہ گرم پانی کے ساتھ شہد اور لیموں کا نچوڑ آرام فراہم کر سکتا ہے۔ شہد میں قدرتی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات ہوتی ہیں اور یہ گلے کے درد کو ختم کرسکتا ہے، جب کہ لیموں وٹامن سی سے مالا مال ہوتا ہے۔
2) سوپ یا یخنی
سوپ، خاص طور پر یخنی یا سبزیوں کا سوپ آپ کے گلے کو ہائیڈریشن اور گرمائش فراہم کر سکتا ہے۔ سوپ گلے کی تکلیف کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
3) ہربل چائے
گرم جڑی بوٹیوں والی چائے گلے کی سوزش کے لیے ناقابل یقین حد تک سکون بخش ہو سکتی ہے، کیمومائل، ادرک، پیپرمنٹ، یا لیکورائس کی چائے گلا خرابی میں ضرور پیئں۔ یہ چائے نہ صرف گرم ہوتی ہیں بلکہ گلے کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے ان میں سوزش ختم کرنے کی خصوصیات بھی ہوتی ہیں۔
4) دودھ میں ہلدی ملا کر پیئں
ہلدی میں سوزش ختم کرنے اور سکون فراہم کرنے جیسی خصوصیات ہیں۔ ایک چٹکی ہلدی، ایک عدد کالی مرچ، اور شہد کا ایک چمچ دودھ میں ملائیں اور یہ مشروب پیئں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔