جنوبی افریقا کی وزیر ٹرانسپورٹ کو گارڈز کی موجودگی میں گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کی وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ لوٹ مار کا واقعہ ان کے گارڈز کی موجودگی میں پیش آیا جس کا ذکر انہوں نے پارلیمنٹ میں بھی کیا۔
خاتون وزیر ٹرانسپورٹ نے پارلیمنٹ کمیٹی کو بتایا کہ یہ ایک بہت تکلیف دہ اور افسوناک واقعہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ این 3 ہائی وے پر اپنے گارڈز کے ساتھ سفر کررہی تھیں کہ گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوا، اس دوران وہ گاڑی میں بیٹھی ہوئی تھیں اورگارڈز ٹائر کو تبدیل ہی کررہے تھے کہ 3 نامعلوم افراد آئے اور انہوں نے گن پوائنٹ پر موبائل فون سمیت دیگر ضروری اشیا لوٹ لیں۔
پولیس کےمطابق لوٹ مار کرنے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا میں گن پوائنٹ کے واقعات بہت عام ہیں اور رواں سال بڑے پیمانے پر فائرنگ کے کئی واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔