دنیا کی تاریخ میں پہلی بار آنکھ کا کامیاب ٹرانسپلانٹ

امریکی ریاست نیویارک کے ماہر سرجنز نے دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آنکھ کا کامیاب ٹرانسپلانٹ کر دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق آرن جیمز نامی شخص کی آنکھ کی سرجری کی گئی، آرن جیمز کو 2021 میں کام کے دوران ہائی ولٹیج کرنٹ لگا تھا جس وجہ سے اس کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی تھی اور ساتھ ہی چہرے کے ایک حصے کے نقوش بھی خراب ہوگئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال آرن جیمز کے چہرے سمیت آنکھ کی سرجری کی گئی جس میں 21 گھنٹے کا وقت لگا اور اس سرجری میں 140 ہیلتھ کیئر پروفیشنلز نے ماہرانہ خدمات انجام دیں۔

نیو یارک لینگون ہیلتھ کے سرجن نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی آنکھ کی سرجری ہونے کی وجہ سے انتہائی پیچیدہ سرجری تھی، کامیاب سرجری کے بعد آرن جیمز کی صحت میں بہتری آ رہی ہے تاہم یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ان کی بینائی واپس آئے گی یا نہیں۔

سرجنز کی جانب سے بتایا گیا کہ ہم پہلے بھی آنکھ کی پتلی کے کامیاب آپریشن کر رہے ہیں لیکن پوری آنکھ کے ٹرانسپلانٹ کا یہ ایک منفرد آپریشن تھا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم پوری آنکھ کا ٹرانسپلارٹ کرکے بینائی واپس لانے میں صرف ایک قدم کی دوری پر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں