سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی بہن انتقال کرگئیں

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی بہن ماریانے بیری انتقال کرگئیں۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ کے صاحبزادے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے اپنی 86 سالہ پھوپھی کے انتقال کی تصدیق کی اور ان سے قریبی تعلق کے جذبات کا اظہار کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 86 سالہ ماریانے بیری نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائی گئیں۔

نیویارک پولیس کا کہنا ہےکہ انہیں ففتھ ایونیو اپارٹمنٹ میں ایک 86 سالہ معمر خاتون باتھ روم میں بے ہوشی کی حالت میں ملیں جن کی اس وقت تک موت واقع ہوچکی تھی۔

نیویارک پولیس نے تصدیق کی ہےکہ ماریانے کی موت پیر اور منگل کی شب ساڑھے 4 بجے کے قریب ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماریانے بیری ریٹائرڈ فیڈرل جج تھیں جنہوں نے 1983 سے 2019 تک اپنی خدمات انجام دیں جب کہ 2019 میں ریٹائرمنٹ کے وقت وہ تھرڈ یو ایس سرکٹ کورٹ آف اپیل کی سینئر جج تھیں جو سپریم کورٹ سے ایک درجہ نیچے کی عدالت ہے۔

بطور جج تعیناتی سے پہلے وہ 1974 میں امریکی اٹارنی بھی رہ چکی تھیں اور انہیں سابق صدر رونالڈ ریگن نے نیو جرسی میں فیڈرل کورٹ کے لیے بھی نامزد کیا تھا۔

اس سے قبل سابق صدر ٹرمپ کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ 2020 میں 71 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے جب کہ ان کے بڑے بھائی فریڈ ٹرمپ جونیئر کا انتقال 42 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں