چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔
بشریٰ بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تنہائی میں ملاقات کی درخواست کسی اور بینچ میں مقرر کرنے کی استدعا کر دی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ ہمارے جتنے بھی کیسز آپ کے پاس مقرر ہوئے ان میں ایک طرح کے فیصلے آ رہے ہیں، استدعا ہے ہمارے جتنے مقدمات اس بینچ میں ہیں انہیں کسی اور کو منتقل کیا جائے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ بالکل نامناسب بات کر رہے ہیں، ایسے نہ کریں، چلیں پھر اس کو دیکھ لیتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی استدعا پر بار کونسلز کو نوٹسز جاری کر دیے، عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ، سپریم کورٹ اور پاکستان بار کونسلز کو نوٹس جاری کر دیے۔