سردیوں کا آغاز ہوچکا ہے اور چونکہ اس موسم میں کافی بہت زیادہ استعمال کی جاتی ہے تو یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ اسے پینے کا دن بھر میں درست وقت کون سا ہوتا ہے۔
کافی دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے مشروبات میں سے ایک ہے اور اسے صحت کے لیے فائدہ مند بھی سمجھا جاتا ہے، رواں برس کے آغاز میں نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ ایک کپ کافی پینے سے لوگ جسمانی طور پر زیادہ متحرک ہو جاتے ہیں اور وہ دن بھر میں ایک ہزار زیادہ قدم چلتے ہیں۔
جسمانی سرگرمیوں میں اضافے سے صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ دن بھر میں صرف ایک کپ کافی پینے سے لوگوں کی رات کی نیند کے دورانیے میں 36 منٹ کی کمی آتی ہے۔
کافی پینے کا بہترین وقت ممکنہ طور پر صبح 11 بجے کے بعد ہے، جب آپ کے جسم میں کورٹیسول (اسٹریس ہارمون) کی سطح کم ہوتی ہے، مثال کے طور پر اگر آپ صبح 8:00 بجے اٹھتے ہیں تو شاید آپ صبح 10:00 بجے سے دوپہر کے درمیان کافی پینا چاہیں گے جب کہ کچھ لوگ نیند سے بیدار ہوتے ہی کافی لینا پسند کرتے ہیں۔
اگر آپ صبح جاگتے ساتھ ہی کافی پینے کے بجائے اسے 11 سے 12 تک پیتے ہیں تو یہ آپ کو زیادہ دیر تک انرجی فراہم کرسکتا ہے۔
کورٹیسول سائیکل:
ایسے وقت میں کافی پینا جب آپ کا کورٹیسول کا لیول ہائی ہو، تو یہ اچھا آپشن نہیں، جیسے کہ بیدار ہونے کے بعد آپ کے کورٹیسول کی سطح سب سے زیادہ ہوتی ہے لہذا، اگر آپ صبح 8 بجے تک جاگتے ہیں، تو آپ کو 9 یا 9:30 تک کافی کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ کورٹیسول لیول ہائی ہوگا۔
ایک بار جب آپ کا کورٹیسول کم ہونا شروع ہو جائے اور آپ سستی محسوس کرنے لگیں، تو اپنی توانائی کی سطح کو بڑھانے کے لیے ایک کپ کافی پی لیں۔ اس طرح آپ اپنے جسم کی قدرتی توانائی میں مداخلت نہیں کرسکیں گئ بلکہ جب صحیح وقت پر اسے بڑھا رہے ہوں گے۔
اگر آپ آفس میں ہیں تو اکثر دوپہر کے کھانے کے بعد یعنی 1 سے 3 بجے کے قریب آپ سستی محسوس کریں گے کیونکہ کورٹیسول لیول کم ہوتا ہے۔
کافی پینے کا صحیح وقت آپ کے خود کے اوپر منحصر ہے:
* اگر آپ بالفرض آفس میں رات کی شفٹ میں کام کر رہے ہیں اور صبح 8 بجے کے قریب سوتے ہیں تو رات 9 بجے ایک کپ کافی پی لیں اور کام کریں۔
* اگر آپ جم جاتے ہیں تو ایک گھنٹہ یا اس سے پہلے ایک کپ پی لیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کیفین آپ کی ضرورت کی تمام توانائی جسم میں فراہم کرے۔
* اور اگر آپ کا معمول کا طرز زندگی ہے کہ آپ صبح 7 بجے جاگتے ہیں تو بیدار ہونے کے بعد ایک یا دو گھنٹے انتظار کریں، اپنے کورٹیسول کی سطح کو کم ہونے دیں یعنی جب آپ کو تھکن محسوس ہو تب کافی پیئں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔