رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پاکستانی فوڈ ایکسپورٹ میں اضافہ

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پاکستانی فوڈ ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اکتوبر خوراک کی برآمدات 30 فیصد تک بڑھ گئیں، پہلے 4 ماہ میں ایک ارب 94 کروڑ47 لاکھ ڈالر کی غذائی اشیا برآمد کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق چاول کی ایکسپورٹ 30 فیصد اضافے سے 71 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں، پھلوں کی برآمدات 13.53 فیصد بڑھیں جس کا حجم 10 کروڑ 89 لاکھ ڈالر رہا جب کہ مصالحوں کی ایکسپورٹ 24.56 فیصد اضافے سے 3 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئل سیڈز اور میوہ جات کی برآمدات 292 فیصد اضافے سے 30 کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہی، چینی کی ایکسپورٹ میں100 فیصد اضافہ ہوا جس کا حجم 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گوشت کی برآمدات 18.77 فیصد اضافے سے 15 کروڑ 25 لاکھ ڈالر رہی، مچھلی کی ایکسپورٹ میں 8 فیصد اور سبزیوں کی برآمدات میں 38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ جولائی تا اکتوبرپاکستان سے تمباکوکی ایکسپورٹ میں 21 فیصد کمی آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں