8 ہزار دو ورنہ تھانے چلو’، قومی کرکٹرز نے سندھ پولیس کی رشوت خوری کی داستان سامنے رکھ دی

پاکستانی کرکٹرز عامر یامین اور صہیب مقصود نے سوشل میڈیا پر سندھ پولیس کی جانب سے رشوت طلب کرنے کی داستان بیان کردی۔

صہیب مقصود نے 27 نومبر کو رات گئے سابقہ ٹوئٹر ‘ایکس’ پر لکھا کہ ‘ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ سندھ میں نہیں پنجاب میں رہتے ہیں، زندگی میں پہلی بار کراچی سے ملتان بذریعہ روڈ سفر کر رہا ہوں اور سندھ پولیس اتنی کرپٹ ہے کہ ہر 50 کلومیٹر کے بعد آپ کو روک کر پیسے مانگتی ہے’۔

کرکٹر نے لکھا ‘پیسے نہ دینے کی صورت میں آپ کو دھمکی دی جاتی ہے کہ بغیر کسی وجہ کہ پولیس اسٹیشن لے جایا جائے گا’۔

صہیب مقصود نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں لکھا ‘پیسے دے بھی دیے جائیں پھر بھی 50 کلو میٹر بعد آپ کو دوبارہ روکا جائے گا، ہم نے ان سے کہا کہ ہم انٹرنیشنل کرکٹرز ہیں جو کراچی میں ہمارے میچ کے بعد ملتان جا رہے ہیں، پھر بھی انہوں نے 8000 ہزار روپے لیے اور پھر جانے دیا’۔

دوسری جانب عامر یامین نے بھی یہ ہی احوال ایکس پر بیان کیا کہ اور بتایا کہ کس طرح انہیں سندھ پولیس نے سفر کے دوران پریشان کیا۔

آئی جی سندھ رفعت راجہ نے کرکٹر عامر یامین اور صہیب مقصود کی ٹوئٹس پر نوٹس لے لیا۔

ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی شہید بے نظیرآباد کو فوری تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ میں صہیب مقصود اور عامر یامین ملتان ریجن کی نمائندگی کر رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں