قومی کرکٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بابر بمقابلہ اسمتھ اور اسٹارک بمقابلہ شاہین آسٹریلیا سیریز میں فینز کی توجہ کا مرکز ہوگا۔
ایک بیان میں سرفراز احمد نے کہا کہ بابراعظم اور اسٹیو اسمتھ دونوں ہی عالمی معیار کے بلے باز ہیں، بینو قادر ٹرافی میں ان دونوں کھلاڑیوں کو لائیو ایکشن میں دیکھنا نوجوان کرکٹرز کے لیے بہترین موقع ہوگا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ شاہین آفریدی اور مچل سٹارک بہترین بولرز ہیں جو کسی بھی وقت مخالف ٹیم کو پریشان کرسکتے ہیں، شاہین نے گزشتہ سیریز میں ڈیوڈ وارنر کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور اس مرتبہ بھی فینز شاہین اور وارنر کا ٹاکرا دیکھنے کے منتظر ہوں گے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہیں، دو مرتبہ آسٹریلیا کا دورہ کیا ہے، یہاں سیکھنے کا بہت موقع ملتا ہے۔
سرفراز نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستان کرکٹ فینز ہمیشہ پاکستان ٹیم کی حمایت کرتے ہیں، یقین ہے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی فینز بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 30 نومبر کو آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں وہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 سے18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن میں ہوگا جب کہ سڈنی 3 سے 7 جنوری تک تیسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔