عامر اور عماد کو فون کیا لیکن دونوں نے دوبارہ پاکستان کیلئےکھیلنے سے انکار کیا: حفیظ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فاسٹ بولر محمد عامر اور عماد وسیم کو خود فون کیا لیکن دونوں نے دوبارہ پاکستان کیلئے کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

ڈائریکٹرپاکستان کرکٹ ٹیم محمد حفیظ نے منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کھیلنے نہیں اچھا پرفارم کرنے اور جیتنے کے لیے جا رہے ہیں اور اس کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں ۔

محمد حفیظ نےکہا کہ ابھی ہیڈ کوچ کی ضرورت نہیں ہے، سینٹرل کنٹریکٹڈ کھلاڑیوں کی پہلی ترجیح ملک کے لیے دستیابی ہے ، عماد وسیم اور محمد عامر سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن وہ دستیاب نہیں تھے ۔

انہوں نے بتایا کہ عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے تھے، اس لیے میں نے ان کو خود فون کیا اور بتایا کہ آپ ہمارے پلان میں موجود ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ آپ مزید پاکستان کی نمائندگی کریں جس پر انہوں نے سوچنے کا وقت لیا اور دو دن بعد جواب دیا کہ وہ نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے دستیاب نہیں جبکہ اس پیغام کے دو ہی دن بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ اسی طرح میں نے محمد عامر کو بھی فون کیا اور درخواست کی کہ اگر آپ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں تو آپ ریٹائرمنٹ واپس لیں اور ڈومیسٹک کھیلیں اور اچھا پرفارم کرکے ٹیم میں شامل ہوجائیں۔

ڈائریکٹرپاکستان کرکٹ ٹیم محمد حفیظ نے بتایا کہ میں نے عامر کو کہا کہ آپ کو یکساں مواقع دیے جائیں گے جس پر انہوں نے انکار کرتے ہوئے جواب دیا کہ میں زندگی میں آگے بڑھ چکا ہوں اور پاکستان ٹیم کے بجائے انٹرنیشنل لیگز کھیلنا بہتر سمجھتا ہوں۔

اس کے علاوہ محمد حفیظ نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ سب کے لیے بہت چیلنجنگ ہے، چینلجنگ کنڈیشنز میں کھیلنا ہے سب اس کے لیے تیار ہیں، آسٹریلیا میں کھلاڑی بہترین نتائج دیں گے، تمام کھلاڑی اچھی پرفارمنس دینے کے لیے بے تاب ہیں، سب کا مائنڈ سیٹ کلیئر ہے ، بہتر نتائج لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم ڈائریکٹر کا کام پلان بنانا اور سپورٹ اسٹاف نے اس پر عمل کرنا ہے، ابھی سیٹ اپ میں ہیڈ کوچ کی ضرورت نہیں ہے۔

محمد حفیظ نے مزید کہا کہ احمد شہزاد اور محمد زاہد سمیت سب ہمارے ذہن میں ہیں، سب مثبت انداز سے اپنی باری کا انتظار کر یں، سب کو موقع ملے گا کسی سے ناانصافی نہیں ہو گی، مجھے پروفیسر کہنے کا یہ مطلب نہ سمجھیں کہ مجھے سب آتا ہے، میں تنقید کا جواب ضرور دوں گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 30 نومبر کو آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں وہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 سے18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 26سے 30 دسمبر تک میلبرن میں ہوگا جبکہ سڈنی 3 سے 7 جنوری تک تیسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں