جرمنی سے بینکاک جانے والے لوفتھانزا ائیرلائنز کے طیارے کو اس وقت بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی جب دوران پرواز میاں بیوی آپس میں لڑ پڑے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 نومبر کی صبح طیارے نے جرمنی کے شہر میونخ سے اڑان بھری تو پرواز کے دوران میاں بیوی کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا، صورتحال کو بگڑتا دیکھ کر پائلٹس نے کنٹرول روم سے رابطہ کیا اور بے قابو ہوتے مسافروں سے متعلق مطلع کیا۔
طیارے کے عملے نے بتایا کہ تعلق تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی بیوی نے اپنے جرمن شوہر کے خلاف طیارے کے پائلٹ سے شکایت کی تھی کہ وہ اسے دھمکا رہا ہے۔
طیارے کے پائلٹس نے بھارت سے قبل طیارے کو پاکستان کی طرف موڑنے کی اجازت طلب کی تھی لیکن اجازت نہ ملنے پر پائلٹ نے نئی دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کی جہاں دونوں مسافروں کو اتار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مسافر شوہر نشے کی حالت میں لگ رہا تھا، میاں بیوی کو اندرا گاندھی ائیرپورٹ پر سکیورٹی کے حوالے کرکے طیارہ دوبارہ بینکاک کی طرف روانہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین ایوی ایشن کے حکام نے مسافر میاں بیوی کے حوالے سے جرمنی کے سفارتخانے سے رابطہ کیا ہے اور ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ دونوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا یا سفارتخانے بھیجا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شناخت ظاہر نہ کیے جانے والے میاں بیوی نے بھارت میں اترنے کے بعد طیارے کے عملے سے اپنے رویے پر معافی مانگتے ہوئے جہاز میں سفر جاری رکھنے کی درخواست کی تھی جسے منظور نہیں کیا گیا۔